حج

فروع دین سے ایک موکد فریضہ حج ہے، ارشاد رب العزت ہے:

{ فِيهِ آيَاتٌ بَيِّنَاتٌ مَقَامُ إِبْرَاهِيمَ وَمَنْ دَخَلَهُ كَانَ آمِنًا وَلِلَّهِ عَلَى النَّاسِ حِجُّ الْبَيْتِ مَنِ اسْتَطَاعَ إِلَيْهِ سَبِيلا وَمَنْ كَفَرَ فَإِنَّ اللَّهَ غَنِيٌّ عَنِ الْعَالَمِينَ}

(سورہ آل عمران، آیت ۹۷)

ترجمہ:اس میں (حرمت کی) بہت سی واضح و روشن نشانیاں ہیں (منجملہ اس کے) مقام ابراہیم ؑ ہے اور جو اس گھر میں داخل ہوا امن میں آگیا او ر لوگوں پر واجب ہے کہ محض اللہ کے لیے خانہ کعبہ کا حج کریں جنہیں وہاں تک پہنچنے کی استطاعت ہو اور جس نے (باوجود قدرت حج سے) انکار کیا تو (یاد رکھے کہ اللہ سارے جہانوں سے بے پرواہ ہے۔


امام جعفر صادق علیہ السلام فرماتے ہیں جو شخص محتاج بھی نہ ہو اور بیمار بھی نہ ہو یا حکومت نے حج پر جانے میں روکاٹ بھی نہ ڈالی ہو ایسا شخص اگر حج (واجب) پر نہ جائے مرتے وقت یہودی یا نصرانی (عیسائی) مرے گا۔

مسئلہ ۵۱۸: درج ذیل شرائط رکھنے والے پر پوری زندگی میں ایک مرتبہ حج کرنا واجب ہے:

  1. 1.بالغ ہو
  2. 2.عاقل ہو
  3. 3.آزاد ہو
  4. 4. استطاعت رکھتا ہو۔

مسئلہ ۵۱۹:جس شخص کے لیے ذاتی مکان اتنا ضروری ہو کہ اس کے نہ ہوتے ہوئے حرج و مشقت میں پڑ جائے تو اس پر حج اس وقت واجب ہوگا کہ جب گھر کی رقم بھی اس کے پاس موجود ہو۔

مسئلہ ۵۲۰: جو عورت حج پر جاسکتی ہو اگر پلٹنے کے بعد اس کے پاس مال نہ ہو اور اس کا شوہر بھی اس کا خرچ نہ دے اور وہ زندگی گزارنے میں حرج و مشقت میں پڑ جائے تو اس پر حج واجب نہیں۔

مسئلہ ۵۲۱: اگر عورت واجب حج کی استطاعت رکھتی ہو تو شوہر کی اجازت شرط نہیں ہے اور شوہر کو کوئی حق نہیں ہے کہ اس کو حج پر جانے سے منع کرے۔

مسئلہ ۵۲۲: اگر تجارت کے لیے مثلاً جدّہ تک جائے اور اتنا مال اس کے ہاتھ لگے کہ وہاں سے مکہ جانے کے لیے شرائط استطاعت موجود ہوں تو ضروری ہے کہ حج کرے اور حج کرلینے کی صورت میں چاہے بعد میں اتنا مال مل جائے کہ اپنے وطن سے مکہ جاسکتا ہو، دوبارہ حج واجب نہیں ہے۔

مسئلہ ۵۲۳: اگر کسی کے پاس زادِ راہ اور سواری کا جانور نہ ہو اور دوسرا اسے حج پر جانے کی پیشکش کرے اور کہے سفر کے دوران تمہارا اور تمہارے اہل و عیال کا خرچہ میں دوں گا، تو یہ اطمینان رکھنے کی صورت میں کہ وہ اس کا خرچہ دے گا، اس پر حج واجب ہوجائے گا۔

مسئلہ ۵۲۴:اگر کوئی شخص شیعہ ہوجائے اور جو حج اس نے اپنے سابقہ مذہب کے مطابق صحیح طور پر کیا تھا اگرچہ ہمارے مذہب میں وہ صحیح نہ تھا۔ شیعہ ہونے کے بعد حج کا دوبارہ کرنا واجب نہیں ہے لیکن اس کا اعادہ کرنا مستحب ہے۔

مسئلہ ۵۲۵: شریعت اسلام میں حج کی تین قسمیں ہیں:

۱۔ تمتّع                                   ۲۔ قِران                         ۳۔ افراد

حج تمتّع ان لوگوں پر واجب ہے جو مکہ مکرمہ سے ۸۸ کلومیٹر سے زیادہ دور ہوں اور حج "قِران و افراد" ان لوگوں کے لیے ہے جو اتنے فاصلہ پر نہ ہوں۔

© COPYRIGHT 2020 ALJAWAAD ORGAZNIZATION - ALL RIGHTS RESERVED
گروه نرم افزاری رسانه