صحیح شکوک

مسئلہ ۳۴۹: اگر کسی کو چاررکعتی نماز کی تعداد کے بارے میں شک ہو تو نو صورتوں میں ضروری ہے غور و فکر کرے پس اگر اسے شک کی کسی ایک طرف کے بارے میں یقین یا گمان ہوجائے تو ضروری ہے کہ اسی کو اختیار کرے اورنماز کو تمام کرے ورنہ آنے والے احکام کے مطابق عمل کرے۔ اور وہ نو صورتیں یہ ہیں:

۱۔ دوسرے سجدے کاواجب ذکر ختم ہونے کے بعد شک کرے کہ دو رکعتیں پڑھیں ہیں یا تین، اس صورت میں ضروری ہے کہ تین رکعت پر بنا رکھتے ہوئے ایک اوررکعت پڑھ کر نماز کو مکمل کرے نیز نماز کے بعد احتیاط واجب کی بنا پر ایک رکعت نماز کھڑے ہو کر بجا لائے۔

۲۔ دوسرے سجدے کاواجب ذکر ختم ہونے کے بعد شک کرے کہ دو رکعتیں پڑھی ہیں یا چار تو چار پر بنا رکھتے ہوئے نماز کو مکمل کرے اورنماز کے بعد دو رکعت کھڑے ہوکر نماز احتیاط بجا لائے۔

۳۔ دوسرے سجدے کاواجب ذکر ختم ہونے کے بعد شک کرے کہ دو رکعتیں پڑھی ہیں یا تین یا چار کہ اس صورت میں ضروری ہے کہ چار رکعت پر بنا رکھ کر نماز مکمل کرے اوربعد میں دو رکعت نماز کھڑے ہوکر اورپھر دو رکعت بیٹھ کر بجا لائے۔ 

۴۔ دوسرے سجدے کاواجب ذکر ختم ہونے کے بعد شک کرے کہ چار رکعتیں پڑھی ہیں یا پانچ، کہ اس صورت میں ضروری ہے کہ چار رکعت پر بنا رکھ کر نماز کو مکمل کرے اوربعد میں دو سجدہ سہو بجا لائے۔

لیکن اگر نمازی کو پہلے سجدے کے بعد یا دوسرے سجدے کاواجب ذکر ختم ہونے سے پہلے مذکورہ چار شکوک میں سے کوئی ایک شک پیش آجائے تو اس کی نماز باطل ہے۔ 

۵۔ نماز کےدوران کسی وقت بھی تین اورچار رکعت کے درمیان شک ہو تو اس صورت میں ضروری ہے کہ چار رکعت پر بنا رکھ کر نماز کو مکمل کرے اوربعد میں ایک رکعت نماز احتیاط کھڑے ہوکر یا دو رکعت بیٹھ کر بجا لائے اوراحتیاط یہ ہے دو رکعت بیٹھ کر نماز پڑھنے کو اختیار کرے اس احتیاط کوترک نہیں کرنا چاہیے۔

۶۔ قیام کےدوران چار اورپانچ رکعت کے درمیان شک کرے، کہ اس صورت میں ضروری ہے کہ بیٹھ جائے اورتشہد اورسلام بجا لائے بعد میں ایک رکعت نماز احتیاط کھڑے ہو کر یا دو رکعت بیٹھ کر بجالائے اوراحتیاط یہ ہے کہ بیٹھ کر پڑھنے کو اختیار کرے۔

۷۔ قیام کےدوران تین اورپانچ رکعت کے درمیان شک ، کہ اس صورت میں ضروری ہے کہ بیٹھ جائے اورتشہد و سلام بجا لائے اوربعد میں دو رکعت نماز احتیاط کھڑے ہوکر بجا لائے۔

۸۔ قیام کےدوران تین ، چار اورپانچ رکعت کے درمیان شک ہو کہ اس صورت میں ضروری ہے کہ بیٹھ جائے اورتشہد و سلام بجا لائےاوردو رکعت نماز احتیاط کھڑے ہو کر اوربعد میں دو رکعت بیٹھ کر بجا لائے۔

۹۔ قیام کےدوران پانچ اورچھ رکعت کے درمیان شک کرے کہ اس صورت میں ضروری ہے کہ بیٹھ جائے اورتشہد و سلام بجا لائے اورسجدہ سہو بھی بجا لائے۔ 

نیز احتیاط واجب کی بنا پر ، ان آخری چار صورتوں میں بے جا قیام کے لیے دو سجدہ سہو اوربجا لائے۔

© COPYRIGHT 2020 ALJAWAAD ORGAZNIZATION - ALL RIGHTS RESERVED
گروه نرم افزاری رسانه