قرآن کےواجب سجدے
مسئلہ ۳۱۶: قرآن کی چار سورتوں میں سجدے کی آیت ہے اگرانسان اس آیت کو پڑھے یا سُنے تو فوراً سجدہ کرے۔
وہ سورتیں کہ جن میں سجدے کی آیت ہے:
(الف) سورہ سجدہ (الم تنزیل) (۳۲) آیت ۱۵
(ب) سورہ فصّلت (حم سجدہ) (۴۱) آیت ۳۷
(ج) سورہ و النجم (۵۳) آیت ۶۲
(د) سورہ علق (اقراء) (۹۶) آیت ۱۹
مسئلہ۳۱۷: سجدہ اس صورت میں واجب ہے کہ جب سجدے کی آیت کو قرآن کےارادے سے پڑھے پس اگر کوئی شخص ریڈیو یا ٹی وی سٹیشن پر سجدے کی آیت کو قرآن کے ارادے سے پڑھےاورانسان ریڈیو یا ٹی وی سے سُنے تو اس پر سجدہ واجب ہے۔
مسئلہ ۳۱۸: اگر سجدے کی آیت کو ریکارڈ کی ہوئی آواز سے سُنے تو سجدہ کرنا ضروری نہیں ہے۔
مسئلہ ۳۱۹: قرآن کے واجب سجدے میں ضروری ہے کہ انسان کی جگہ غصبی نہ ہو اورپیشانی، گھٹنوں کی جگہ اور پاؤں کی انگلیوں کے سِروں سے چار ملی ہوئی انگلیوں سے زیادہ اونچی نہ ہو لیکن یہ ضروری نہیں کہ اس نے وضو یا غسل کر رکھا ہو یا قبلہ رُخ ہو یا اپنی شرمگاہ کو چھپائے یا اس کا بدن اور پیشانی رکھنے کی جگہ پاک ہو اس کے علاوہ بھی جو شرائط نماز پڑھنے والے کے لباس کے لیے ضروری ہیں وہ شرائط قرآن مجید کے واجب سجدہ اداکرنے والے کے لباس کے لیے ضروری نہیں۔
مسئلہ ۳۲۰: احتیاط واجب یہ ہے کہ قرآن کےواجب سجدے میں پیشانی سجدہ گاہ یا کوئی اورچیز کہ جس پر سجدہ کرنا صحیح ہے پر رکھی جائے ، جسم کے دوسرے حصے جس طرح نماز کے سجدے کا حکم ہے اس طرح زمین پر رکھے جائیں۔
مسئلہ ۳۲۱: جب انسان قرآن مجید کا سجدہ کرنے کے لیے پیشانی زمین پر رکھ دے تو خواہ کوئی ذکر نہ بھی پڑھے تب بھی کافی ہے ہاں سجدہ کی نیت کرنا ضروری ہے، اورسجدہ میں ذکر پڑھنا مستحب ہے (واجب نہیں ہے)۔