قضا نماز
مسئلہ ۳۵۶: قضا نماز وہ نماز ہے کہ جو نماز کے مخصوص وقت کے بعد پڑھی جاتی ہے ضروری ہے کہ انسان اپنی واجب نمازوں کو معین وقت کے اندرادا کرے اوراگر کسی عذر کے بغیر اس کی نماز قضا ہوجائے تو وہ گناہ گار ہے ضروری ہے کہ وہ توبہ کرےاوراس کی قضاء بھی انجام دے۔
۱۔ دو جگہوں پر نماز کی قضا کرناواجب ہے:
(الف) واجب نماز کو اس کے معین وقت میں ادا نہ کیا ہو اورنماز کے سارے وقت کے اندر سویا رہا ہو۔
(ب) نماز کے وقت کے بعد متوجہ ہو جائے کہ جو نماز پڑھی ہے وہ باطل تھی۔
مسئلہ ۳۵۷: جس پر نماز کی قضاءواجب ہے وہ اس کے پڑھنے میں کوتاہی نہ کرے لیکن اس پرواجب نہیں ہے کہ وہ فوراً اداکرے۔
مسئلہ ۳۵۸: اگر جانتا ہو کہ اس کی کوئی نماز قضا نہیں ہے یا یہ کہ وہ شک کرے کہ اس کی کوئی نماز قضا ہے یا نہیں ایسی صورت میں اس پر کوئی چیزواجب نہیں ہے۔
مسئلہ ۳۵۹: اگر نماز کے قضا ہونے کا احتمال رکھتا ہو تو مستحب یہ ہے کہ وہ احتیاطاً اس کی قضا انجام دے۔
مسئلہ ۳۶۰: اگر جانتا ہو کہ اس پر نماز کی قضا ہے لیکن یہ نہیں جانتا کہ کتنی نمازیں ہیں مثلاً نہ جانتا ہو کہ اس کی چار نمازیں قضا ہیں یا پانچ پس اگر وہ کم تعداد چار نمازیں ہی پڑھ لے تو وہ بھی کافی ہے اگرچہ احتیاط مستحب یہ ہے کہ نمازوں کا اتنا تکرار کرے کہ اسے اپنے ذمہ کے فراغ کا یقین ہوجائے۔
مسئلہ ۳۶۱: روزانہ کی قضا نمازوں میں ضروری نہیں ہے کہ ان کو ترتیب سے پڑھا جائے مثلاً ایک دن عصر کی نماز اوردوسرے دن ظہر کی نماز نہیں پڑھی تو ضروری نہیں ہے کہ وہ پہلے عصر کی نمازاوراس کے بعد ظہر کی نماز کو قضا کرے۔
مسئلہ ۳۶۲: قضا نماز کو جماعت کے ساتھ بھی پڑھ سکتے ہیں خواہ پیش نماز کی نمازادا ہو یا قضا اورضروری نہیں ہے کہ دونوں ایک جیسی نماز کو پڑھیں مثلاً اگر صبح کی قضا نماز کو پیش نماز کی ظہر یا عصر کی نماز کے ساتھ پڑھے تو کوئی اشکال نہیں ہے۔
مسئلہ ۳۶۳: جب تک انسان زندہ ہے اگرچہ اپنی قضا نماز کے پڑھنے کی طاقت بھی نہ رکھتا ہو پھر بھی کوئی دوسرا شخص اس کی نمازوں کی قضا نہیں پڑھ سکتا۔
مسئلہ ۳۶۴: جس شخص پر قضاء نمازیں ہیں وہ مستحبی نمازیں پڑھ سکتا ہے لیکن جس شخص پر ماہ رمضان کےروزوں کی قضاء ہو وہ مستحبی روزہ نہیں رکھ سکتا بلکہ جس کے ذمہ کوئی بھی واجب روزہ ہو وہ بنا بر احتیاط، مستحبی روزہ نہیں رکھ سکتا۔
مسئلہ ۳۶۵: اگرکسی مسافر کی ظہر یا عصر یا عشاء کی نماز قضا ہو جائے تو ضروری ہے کہ وہ اس کو دو رکعتی پڑھے۔ اگرچہ ان کی قضا اپنے وطن میں پڑھے۔
مسئلہ ۳۶۶: اگر سفر میں اپنے وطن پر قضا ہونے والی نمازوں کو پڑھنا چاہے تو ضروری ہے کہ وہ ظہر ، عصر اورعشاء کی چار رکعت پڑھے۔
مسئلہ ۳۶۷: اگر کوئی سُنی شخص شیعہ ہوجائے تو جو نمازیں اس کی پہلے سے قضا ہوئی تھیں ان قضا نمازوں کو شیعہ مذہب کے مطابق پڑھے۔