شکیات نماز
وہ شک جو نماز کو باطل کردیتے ہیں۔
مسئلہ ۳۴۶: نماز کو باطل کرنے والے شک یہ ہیں:
۱۔ دو رکعتی واجب نماز مثلاً صبح اورمسافر کی نماز کی رکعتوں کی تعداد کے بارے میں شک۔ البتہ مستحب نماز اورنماز احتیاط کی رکعتوں کی تعداد میں شک نماز کو باطل نہیں کرتا۔
۲۔ تین رکعتی نماز کی رکعت کی تعداد کے بارے میں شک۔
۳۔ چار رکعتی نماز میں یہ شک کہ آیا ایک رکعت پڑھی ہے یا زیادہ۔
۴۔ چار رکعتی نماز میں دوسرے سجدے کا ذکر مکمل ہونے سے پہلے یہ شک کہ دو رکعتیں پڑھی ہیں یا زیادہ۔
۵۔ نماز کی رکعتوں میں یہ شک کہ معلوم ہی نہ ہو کہ کتنی رکعتیں پڑھی ہیں۔
۶۔ دو اورپانچ یا دو اورپانچ سے زیادہ رکعتوں کے درمیان شک۔
۷۔ تین اورچھ یا تین اورچھ سے زیادہ رکعتوں کے درمیان شک۔
۸۔ چار اورچھ یا چار اورچھ سے زیادہ رکعتوں کے درمیان شک۔
مسئلہ ۳۴۷: اگر انسان کو نماز باطل کرنے والے شکوک میں کوئی شک پیش آئے تو ضروری ہے کہ جب تک اس کا شک پکا نہ ہوجائے غور و فکر کرے اوراس کے بعد اس کو اختیار ہے کہ نماز کو توڑ دے مگر بہتر ہے کہ جب تک نماز کی صورت ختم نہ ہوجائے غور و فکر کرتا رہے۔