مسجد کے احکام
مسئلہ ۲۳۴: مسجد کی زمین، چھت کا اندرونی اوراوپری حصہ اورمسجد کی دیوار کا اندر والا حصہ نجس کرنا حرام ہے اورجس شخص کو بھی اس کے نجس ہونے کا علم ہو اس کے لیے ضروری ہے کہ اس کو فوراً پاک کرے اوراحتیاط واجب یہ ہے کہ مسجد کی دیوار کاباہر والا حصہ بھی نجس نہ کرے۔
مسئلہ ۲۳۵: معصومین علیہم السلام کے روضوں کو نجس کرنا حرام ہے اورنجس ہونے کے بعد اگر نجس چھوڑنے سے بے احترامی ہوتی ہو تو انہیں پاک کرنا واجب ہے، بلکہ اگر بے احترامی نہ ہو تو بھی احتیاط مستحب یہ ہے کہ اسے پاک کرے۔
مسئلہ ۲۳۶: مستحب ہے کہ انسان نماز کو مسجد میں اداکرے اوراسلام میں اس مسئلے پر بہت زیادہ تاکید کی گئی ہے۔
مسئلہ ۲۳۷: مستحب ہے کہ جو شخص مسجد میں نہیں آتا اس کے ساتھ کھانا نہ کھایا جائے، اپنے کاموں میں اس کے ساتھ مشورہ نہ کرے اس کے ساتھ ہمسائیگی نہ کرے۔ اس کو رشتہ نہ دے اورنہ ہی اس سے رشتہ کرے۔
مسئلہ ۲۳۸: عورت کا گھر میں نماز پڑھنا افضل ہے۔
مسئلہ ۲۳۹: جس مسجد میں آل محمد علیہم السلام سے بُغض رکھنے کی تعلیم دی جاتی ہواور آل رسولؐ کی آشکارا مخالفت کی جاتی ہو تو ایسی مسجد کی مدد کرنا حرام ہے۔