حائضہ عورتوں کی اقسام
مسئلہ ۱۵۸: حائضہ عورتوں کی چھ قسمیں ہیں:
۱۔ وقتیہ و عددیہ عادت والی عورت: یہ وہ عورت ہے جو مسلسل دو ماہ وقت معین پر خون دیکھےاوراس کے ایام حیض کی تعداد بھی دونوں مہینوں میں مساوی ہو مثلاً مسلسل دو ماہ، مہینے کی پہلی سے ساتویں تک خون دیکھے۔
۲۔ وقتیہ عادت والی عورت: یہ وہ عورت ہے جو مسلسل دو ماہ تک وقت معین پر خون دیکھے لیکن دونوں مہینوں میں اس کے ایام حیض کی تعدادبرابر نہ ہو مثلاً مسلسل دو ماہ پہلی سے خون دیکھے لیکن پہلے مہینے ساتویں اوردوسرے مہینے آٹھویں تاریخ کو خون سے پاک ہو۔
۳۔ عددیہ عادت والی عورت: یہ وہ عورت ہے جس کے ایام حیض کی تعداد مسلسل دو ماہ ایک دوسرے کے برابر ہو لیکن ان دونوں مہینوں میں خون دیکھنے کا وقت ایک نہ ہومثلاً پہلے مہینے پہلی سے پانچویں تک اوردوسرے مہینے بارہ سے سترہ تاریخ تک خون دیکھے۔
اوراگر ایک مہینے میں دو مرتبہ مساوی ایام میں خون دیکھے تو اقرب یہ ہے کہ اس کی عادت طے ہوجائے گی۔ مثلاً مہینے کی ابتداءے میں پانچ دن اور دس یا زیادہ دنوں بعددوبارہ پانچ دن خون دیکھے۔
۴۔ مضطربہ: یہ وہ عورت ہے جس نے چند ماہ خون دیکھا ہو لیکن اس کی عادت ہی معین نہ ہوئی ہو یا پرانی عادت بگڑ گئی ہو اورنئی عادت طے نہ ہوئی ہو۔
۵۔ مبتدئہ: یہ وہ عورت ہے جس نے پہلی مرتبہ خون دیکھا ہو۔
۶۔ ناسیہ: یہ وہ عورت ہے جو اپنی عادت بھول گئی ہو۔
ان میں سے ہر ایک کے مخصوص احکام ہیں۔
مسئلہ ۱۵۹: عادت وقتیہ والی عورت خواہ عادت عادیہ ہو یا نہ ہو عادت میں خون دیکھتے ہی اپنے آپ کو حائض سمجھے یا عادت سے ایک دن یا دو دن پہلے خون دیکھے اگر وہ خون زرد اورپتلا ہو تو عبادت کو ترک کر دے اورحائض کے اعمال کو انجام دے لیکن اگر بعد میں کشف ہو جائے کہ یہ خون حیض نہیں تھا مثلاً تین دن سے پہلے خون ختم ہوجائے تو اس پر نماز کی قضاء واجب ہے۔
مسئلہ ۱۶۰: وقتیہ عادت کے علاوہ والی عورت چاہے عددیہ عادت والی ہو یا اصلاً اس کی عادت نہ ہو جیسے مبتدئہ جب خون دیکھے اوروہ خون حیض کی صفات رکھتا ہو مثلاً حرارت، سرخ یا سیاہ اورجلن سے نکلے تو یہ عورت خون دیکھتے ہی اپنے کو حائض سمجھے لیکن اگر بعد میں پتہ چلے کہ یہ حیض نہیں تھا کیونکہ تین دن سے پہلے ختم ہوگیا ہے تو اس پر نماز کی قضا واجب ہے۔
اوراگر وہ خون حیض والے خون کی صفات نہیں رکھتا تھا تو وہ حیض نہیں ہوگا۔
مسئلہ ۱۶۱: اگر عادت وقتیہ سے بہت پہلے یا بعد خون آجائے اگر وہ خون حیض کی نشانیاں رکھتا ہو تو یہ اپنے کو حائض سمجھے ورنہ اس پر استحاضہ کے احکام جاری ہوں گے۔