بسم اللہ الرحمن الرحیم ولہ الحمد
مقدمہ
اہل ایمان پر مخفی نہ رہے کہ یہ دور پُر فتن ہے گمراہی کے اسباب بڑھتے جارہے ہیں لوگوں کو دین سے دور کیا جارہا ہے۔ اگرچہ مذہب حقہ شیعہ اثنا عشریہ کے خلاف ہر دور میں زہریلا پروپیگنڈہ کیا گیا اور کیا جا رہا ہے لیکن اس دور میں مذہب شیعہ کو ضعیف کرنے کے لیے دشمن کی طرف سے شدت سے مختلف حربے استعمال کیے جا رہے ہیں طرح طرح کے شبہات عوام میں القاء کئے جا رہے ہیں ضعیف العقیدہ یا شہرت کے طالبین اور طمع کار قسم کے لوگوں کو خریدا جارہا ہے اور یہ لوگ مسلمات مذہب کا انکار کر رہے ہیں کوئی ولایت کا انکار کر رہا ہے کوئی عزاداری امام حسین علیہ السلام پر حملے کر رہا ہے کوئی فدک کا انکار کر رہا ہے کوئی تبرّے کا انکار کر رہا ہے کوئی مشہور دعاؤں کا انکار کر رہا ہے اور کچھ لوگ اجتہاد و تقلید کا انکار کر رہے ہیں تاکہ مرجعیت یعنی شیعہ کی طاقت کو ضعیف کیا جائے۔ لذا ہر مومن کا وظیفہ شرعی یہ ہے کہ وہ دشمن کی سازشوں کے مقابلے میں بیدار رہیں اور علماء حقہ کے ساتھ رہیں۔ گمراہ کن اور مشکوک افراد اور مشکوک کتب کے مطالعہ سے اجتناب کریں۔
اجتہاد اور تقلید کے جواز اور ان کے متعلق کیئے گئے سوالات کے جوابات کو اس رسالہ میں ذکر کرہا ہوں۔ اس تحقیقی رسالہ کے مطالعہ سے قارئین کی معلومات میں اضافہ ہوگا اور سب شبہات، خدا کے فضل سے دور ہوجائیں گے۔
دعاگو ہوں کہ خدا وند متعال بحق محمد وآل محمد علیہم السلام سب کو حق سمجھنے اور حق پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
و السلام
خادم مذہب
العبد سید مظہر علی شیرازی عفی عنہ
حوزہ علمیہ قم المقدسہ
۲۹ ج۱، ۱۴۳۰ ھ ق