کرایہ پر دیئے جانے والے مال کی شرائط
مسئلہ ۵۶۲: جو مال اجارے پر دیا جائے اس میں چند شرطیں پائی جانی چاہئیں:
- 1.وہ مال معین ہو لہذا اگر کوئی شخص کہے کہ میں نے تجھے اپنے مکانات میں سے ایک کرائے پر دیا تو یہ صحیح نہیں ہے۔
- 2.مستاجر یعنی کرائے پر لینے والا اس مال کو دیکھ لے یا مؤجر یعنی اجارے پر دینے والا شخص اپنے مال کی خصوصیات اس طرح بیان کرے کہ اس کے بارے میں پوری اطلاع حاصل ہوجائے۔
- 3. اجارہ پر دیئے جانے والے مال کو دوسرے فریق کے سپرد کرنا ممکن ہو لہذا اس گھوڑے کو اجارہ پر دینا جو بھاگ گیا ہو باطل ہے۔
- 4.یہ کہ اس مال سے استفادہ کرنا اس کے ختم یا کالعدم ہوجانے پر موقوف نہ ہو لہذا روٹی، میووں اور دوسری خوردنی اشیاء کو کرائے پر دینا صحیح نہیں ہے۔
- 5.کرایہ کی چیز سے فائدہ اٹھانا ممکن ہو۔
- 6.جو چیز کرائے پر دی جا رہی ہو کرائے پر دینے والے کا اپنا مال ہو اور اگر کسی دوسرے کا مال کرائے پر دیا جائے تو معاملہ اس صورت میں صحیح ہے کہ جب اس مال کا مالک رضا مند ہو۔