۷۔اسلام
مسئلہ ۸۱: اگر کوئی کافر کسی بھی زبان میں خداکی وحدانیت اورخاتم الانبیاء حضرت محمد مصطفی ﷺ کی نبوت کی گواہی دے دے تو مسلمان ہو جاتا ہے اوراگرچہ وہ مسلمان ہونے سے پہلے نجس کے حکم میں تھا لیکن مسلمان ہوجانے کے بعد اس کا بدن تھوک، ناک کا پانی اورپسینہ پاک ہو جاتا ہے، ہاں مسلمان ہونے کے وقت اگر اس کے بدن پر کوئی عین نجاست ہو تو ضروری ہے کہ اسے دورکرےاوراس جگہ کو دھولے بلکہ اگر مسلمان ہونے سے پہلے ہی عین نجاست دورہوچکی ہو تب بھی احتیاط واجب یہ ہے کہ اس مقام کو دھولے۔
مسئلہ ۸۲: اگر کافر کے مسلمان ہونے سے پہلے اس کا لباس اس کی رطوبت سے اس کے بدن سے مس ہوا ہواور اس کے مسلمان ہوتے وقت وہ لباس اس کے بدن پر نہ ہو نجس ہے بلکہ اگر وہ لباس اس کے بدن پر ہو تب بھی احتیاط واجب کی بناء پر ضروری ہے کہ اس سے اجتناب کرے۔
مسئلہ ۸۳: اگر کافر شہادتین پڑھ لے اوریہ معلوم نہ ہو کہ وہ دل سے مسلمان ہوا ہے یا نہیں تو وہ پاک ہے اسی طرح اگر یہ علم ہو بھی کہ وہ دل سے مسلمان نہیں ہوا لیکن ایسی کوئی بات اس سےظاہر نہ ہوئی ہو جو توحیداور رسالت کی گواہی کے منافی ہو توہ (بحسب ظاہر) پاک ہے۔