۲۔زمین 

مسئلہ ۶۰: زمین تین شرائط کے ساتھ پاؤں کے نچلے حصے اورجوتے کے تلوے جو کہ نجس زمین پر چلنے یا پاؤں رکھنے کی وجہ سے نجس ہوگئے ہوں پاک کرتی ہے۔

۱۔ زمین پاک ہو

۲۔ خشک ہو

۳۔ عین نجاست مثلاً خون اورپیشاب یا نجس شدہ چیز مثلاً نجس کیچڑ جوپاؤں یا جوتے کے تلوے میں لگا ہوا ہو زمین پر چلنے یا زمین پر رگڑنے کی وجہ سے ہٹ جائے۔ زمین میں یہ بھی ضروری ہے کہ یا مٹی ہو یا پتھر، اینٹ یا اس جیسی چیزوں سے بنی ہو۔ قالین، گھاس، چٹائی یا ان جیسی کسی چیز پر چلنے سےپاؤں اورجوتے کے تلوے پاک نہیں ہوتے۔

مسئلہ ۶۱: پاؤں کا تلوا یا جوتے کا نجس تلوا، پکی سڑک (اسفالٹ) پر چلنے سے پاک ہونا محل اشکال ہے۔

مسئلہ ۶۲: پاؤں یا جوتے کے تلوے کو پاک کرنے کے لیے بہتر ہے کہ پندرہ ہاتھ یا اس سےزیادہ فاصلہ زمین پر چلے خواہ پندرہ ہاتھ سے کم چلنے یا پاؤں زمین پر رگڑنے سے نجاست دورہوگئی ہو۔

مسئلہ ۶۳: پاک ہونے کے لیےپاؤں یا جوتے کے نجس تلوے کا تر ہونا ضروری نہیں بلکہ خشک بھی ہوں تو زمین پر چلنے سے پاک ہوجاتے ہیں ۔

مسئلہ ۶۴: جب پاؤں یا جوتے کا نجس تلوا زمین پر چلنے سے پاک ہوجاتے ہیں تو اس کے اطراف کے اتنے حصے بھی جنہیں عموماً کیچڑ لگ جاتی ہے پاک ہوجاتے ہیں۔

مسئلہ ۶۵: اگر کسی ایسے شخص کے ہاتھ کی ہتھیلی یا گھٹنا نجس ہو جائے جو ہاتھوں اور گھٹنوں کے بل چلتا ہو تو اس کے راستے چلنے سے اس کی ہتھیلی یا گھٹنے کا پاک ہونا محل اشکال ہے یہی صورت لاٹھی اورمصنوعی ٹانگ کے نچلے حصے، چوپائے کے نعل، موٹر گاڑیوں اورٹانگے وغیرہ کے پہیوں کی ہے (یعنی ان کا پاک ہونا محل اشکال ہے)

مسئلہ ۶۶: اگر زمین پر چلنے کے بعد نجاست کی بو یا رنگ یا باریک ذرےجو نظر نہیں آتے، پاؤں یا جوتے کے تلوے سے لگے ہوں تو کوئی حرج نہیں اگرچہ احتیاط مستحب ہے کہ زمین پر اس قدر چلا جائے کہ وہ بھی زائل ہوجائیں۔

مسئلہ ۶۷: جوتے کا اندرونی حصہ زمین پر چلنے سے پاک نہیں ہوتا اورزمین پر چلنے سے جوراب (موزے) کے نچلے حصے کا پاک ہونا محل اشکال ہے۔

© COPYRIGHT 2020 ALJAWAAD ORGAZNIZATION - ALL RIGHTS RESERVED
گروه نرم افزاری رسانه