بیت الخلاء کے احکام

مسئلہ ۲۰: انسان پرواجب ہے کہ پیشاب اورپاخانہ کرتے وقت اوردوسرے مواقع پر اپنی شرمگاہ کو ان لوگوں سے جو اچھےاوربرے کی تمیز رکھتے ہیں خواہ وہ اس کے محرم ہی کیوں نہ ہوں چاہے مکلف ہوں یا نہ ہوں چھپا کر رکھے لیکن بیوی اورشوہر کے لیےاوران لوگوں کے لیے جو بیوی اورشوہر کے حکم میں آتے ہیں مثلاً کنیزاوراس کے مالک کے لیے، اپنی شرمگاہوں کو ایک دوسرے چھپانا ضروری نہیں۔

مسئلہ ۲۱: پیشاب یا پاخانہ کرتے وقت ضروری ہے کہ بدن کا اگلا حصہ یعنی پیٹ اورسینہ رو بہ قبلہ یا پشت بقبلہ نہ ہو۔

مسئلہ ۲۲: اگرپیشاب یا پاخانہ کرتے وقت کسی شخص کے بدن کا اگلا حصہ رو بہ قبلہ ہواوروہ اپنی شرمگاہ کو قبلے کی طرف سے موڑ لے تو یہ کافی نہیں۔

تذکر: اپنا مکان بنواتے وقت اس بات کا خیال رکھیں کہ لیٹرین کا ظرف رو بہ قبلہ یا پشت بہ قبلہ قرار نہ پائے۔ اورجن گھروں میں وہ رو بہ قبلہ یا پشت بہ قبلہ ہیں ان کی اصلاح ضرور کرنی چاہیے۔

مسئلہ ۲۳: چار مقام پر رفع حاجت حرام ہے:

۱۔ بند گلیوں میں جب کہ گلی والوں نے اس کی اجازت نہ دی ہو۔

۲۔ کسی ایسے شخص کی زمین میں جس نے رفع حاجت کی اجازت نہ دی ہو۔

۳۔ ان جگہوں میں جو مخصوص افرادکے لیے وقف ہوں مثلاً بعض مدرسے۔

۴۔ ہر اس مقام میں جہاں، رفع حاجت کسی مومن کی بے حرمتی یا دین یا مذہب کی کسی مقدس چیز کی توہین کا باعث ہو۔

مسئلہ ۲۴: پیشاب کا مخرج پانی کے علاوہ کسی چیز سے پاک نہیں ہوتا اوراسے کُر یا جاری پانی سے ایک مرتبہ دھونا کافی ہے (اورجو ٹونٹیاں ان سے متصل ہیں ان کا بھی یہی حکم ہے)

قلیل پانی سے دو مرتبہ دھونا ضروری ہے۔

مسئلہ ۲۵: پاخانہ کے مخرج کو پانی سے دھویا جائے تو ضروری ہے کہ اس میں پاخانے کا کوئی ذرہ باقی نہ رہے البتہ رنگ یا بو باقی رہ جانے میں کوئی حرج نہیں اوراگر پہلی بارہی وہ مقام یوں دھل جائے کہ پاخانے کا کوئی ذرہ اس میں باقی نہ رہے تو باقی دھونا ضروری نہیں ہے۔ 

مسئلہ ۲۶: پتھر، ڈھیلا یا کپڑا یا انہی جیسی دوسری چیزیں اگر خشک اور پاک ہوں تو ان سے پاخانہ خارج ہونے کے مقام کو پاک کیا جاسکتا ہے۔ 

مسئلہ ۲۷: تین صورتوں میں پاخانہ خارج ہونے کا مقام (مقعد) صرف پانی سے پاک ہوگا:

۱۔ پاخانے کے ساتھ کوئی اورنجاست باہر آئی ہو، جیسے خون۔

۲۔ کوئی بیرونی نجاست پاخانے کے مخرج پر لگ گئی ہو۔

۳۔ پاخانے کے مخرج کے اطرف معمول سےزیادہ آلودہ ہوگئے ہوں۔

مسئلہ ۲۸: نماز سے پہلے، سونے سے پہلے، مباشرت کرنے سے پہلے اورمنی خارج ہونے کے بعدپیشاب کرنا مستحب ہے۔ 

© COPYRIGHT 2020 ALJAWAAD ORGAZNIZATION - ALL RIGHTS RESERVED
گروه نرم افزاری رسانه